ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلوروشہرمیں سیمنٹ سڑکوں پر ہی حادثات کی تعداد زیادہ ، روڈ ہمپس،اسپیڈ بریکرودیگر حفاظتی انتظامات کرنے بی بی ایم پی کو ہدایت

بنگلوروشہرمیں سیمنٹ سڑکوں پر ہی حادثات کی تعداد زیادہ ، روڈ ہمپس،اسپیڈ بریکرودیگر حفاظتی انتظامات کرنے بی بی ایم پی کو ہدایت

Sun, 23 Jan 2022 11:53:55    S.O. News Service

بنگلورو،23؍جنوری(ایس او  نیوز)بنگلورو شہر میں سڑک حادثات عام بات ہیں،لیکن صاف، سیمنٹ سڑکیں ہی ان جان لیوا سڑک حادثات کے لئے ہاٹ اسپاٹ ہو نے سے عوام خوفزدہ ہیں۔

اطلاع کے مطابق سٹی ٹرافک پولیس کی جانب سے گزشتہ تین سال کے سڑک حادثات کے تعلق سے جاری اعداد وشمار کے مطابق سیمنٹ سڑکوں پر حادثات میں اضافہ ہوا ہے۔ شہر میں مختلف اقسام کی سڑکیں تعمیر کی ہیں جن میں ٹار والی سڑکیں زیادہ ہیں،لیکن ٹار اور سیمنٹ کی سڑکوں کا موازنہ کیا جا ئے تو زیادہ حادثات سیمنٹ سڑکوں پر پیش آئے ہیں۔

ٹرانسپورٹ ماہرین کے مطابق گزشتہ تین سال میں شہر کی سیمنٹ سڑکوں پر 124 (2019 میں 34 ،2020میں 25اور2021 میں 65) جان لیوا حادثات ہو ئے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ بہترین سڑکیں ہوں تو سڑک حادثات کم ہوں گے،لیکن یہاں صورتحال بر عکس ہے،وائٹ ٹا پنگ کے ذریعہ معیاری سڑکیں تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی دیکھ بھال ضروری ہے۔موٹر گاڑیوں کے لئے معیاری سڑکیں فراہم کرنے اور تا دیر قائم رکھنے کے مقصد کے تحت شہر کے مختلف مقامات پر سیمنٹ کی سڑکوں کو تعمیر کیا گیا ہے۔

بروہت بنگلور مہا نگر پا لیکے(بی بی ایم پی) نے ٹنڈر شیور اور وائٹ ٹاپنگ دیگر اسکیموں کے نام پر شہر کے منتخب علاقوں میں سیمنٹ کی سڑکوں کو تعمیر کیا ہے۔ٹرافک پو لیس کے ایک سینئر افسر نے بتا یا کہ مذکورہ سڑکیں ہی اب حادثات کی وجہ بن رہی ہیں جس کے لئے اہم وجہ سڑکوں کا صاف ہونا،ہمپ،اسپیڈ بریکر کا نہ ہونا اور مارکنگ کو مناسب طریقہ سے نہ ڈالنا ہے۔سٹی ٹرافک پو لیس شعبہ کے جوائنٹ پو لیس کمشنر ڈاکٹر بی آر روی کانتے گوڈا نے بتا یا کہ سیمنٹ سڑکوں پر حادثات میں اضافہ کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کرنے بی بی ایم پی کو ہدایت دی گئی ہے۔

انہوں نے بتا یا کہ عام طور پر معیاری سڑکیں ہونے پر موٹر گاڑی سوار تیزی کے ساتھ ڈرائیونگ کرتے ہیں، اس لئے ان سڑکوں پر ہمپس کی تعمیر،اسپیڈ بریکر کی تعمیر،رات کے وقت موٹر گاڑی سواروں کو نما یاں طور پر ظاہر ہو نے والے مارکنگ،رمبلرس کی تنصیب کے ذریعہ حادثات پر قابو پا یا جا سکتا ہے۔


Share: